Introduction of Computer with English Typing (Class-1)

سب سے پہلے تو تمام سٹوڈنٹس کو پہلی کلاس میں خوش آمدید۔ ہم آج سے آن لائن کمپیوٹر کورس کی ابتدا کرنے جارہے ہیں۔ جس کا مقصد گھر بیٹھے فری میں کمپیوٹر کی تعلیم ⌨ کو حاصل کرنا ہے۔ تاکہ اس کو سیکھ کر اور ان سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ہم لوگ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ بہترین انداز میں چلانا سیکھیں۔ اس سے ہم اپنے روزمرہ کے کام جیسے گھریلو بجٹ بنانا وغیرہ بھی کرسکتے ہیں اور اگر کسی جگہ جاب کے لئے اپلائی کرنا چاہیں تو ورڈ ایکسل پاور پوائنٹ سیکھ کر وہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ اسی طرح اس میں آن لائن پڑھانا اور بیسک ڈیزائننگ بھی سکھائی جائے گی۔

 

تو چلیں شروع کرتے ہیں۔ جیسے اوپر وضاحت کی گئی ہے اس کورس میں سٹوڈنٹس کمپیوٹر سے متعلق بنیادی باتوں سے شروعات کرتے ہوئے ایم ایس آفس (مائیکروسافٹ، ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ)، ان پیج اور دوسرے پروگراموں سے متعلق سکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ انگریزی اور اردو ٹائپنگ بھی اس کورس کا حصہ ہے۔ یہ مختصر پروگرام ہے اور کوشش ہو گی کہ اس میں تمام بنیادی چیزوں کو cover کیا جائے۔

 

جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہر سٹوڈنٹ کلاس میں بنفسِ نفیس حاضر نہیں ہو سکتا۔ اسی کے لئے اوپر بیان کئے گئے مقاصد کی تکمیل کی خاطر اِس آن لائن کورس کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ اس طرح آن لائن سٹوڈنٹس بہتر اور بھرپور انداز میں سیکھنے کے اس عمل کو بھر پور دلچسبی کے ساتھ جاری رکھیں۔اس حوالے سے اس کورس میں شریک سٹوڈنٹس کو مزیدسہولت فراہم کرنے کے لئے کورس کی مناسبت سے یہاں اردو میں مختصر نوٹس کو ترتیب دیا گیا ہے۔ جو آپ کو روزانہ کی بنیاد پر ان شاء اللہ ملیں گے۔

 

اُمید ہے کہ آپ ان سے بہترین انداز میں استفادہ حاصل کرتے ہوئے اس کاوش کو کامیاب سے کامیاب تر بنائیں گے۔ اگر آپ دلچسبی لیں گے تو ہی یہ سلسلہ چلے گا ورنہ یہ سب محنت رائیگاں ہے۔ آپ بھی کہیں گے کہ کورس کی ابتداء پر ہی نصیحتیں۔ پر یہ بھی ضروری ہے تاکہ آئندہ ہمیں کورس کے دوران مشکل نہ پیش آئے۔ تو وہ یہ کہ اگر آپ روزانہ کا کام روزانہ کریں گے تو آپ کو کبھی بھی مشکل درپیش نہیں آئے گی۔ جب کام ٹالتے ہوئے آگے بڑھیں گے تو مسئلے بڑھتے جائیں گے۔ اس لئے اس میں بھرپور حصہ لے کر اسے کامیاب بنائیں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو (آمین)۔ اب بڑھتے ہیں کورس کی جانب۔

 

کمپیوٹر کیا ہے؟

اس سوال کے بہت سے جواب ہو سکتے ہیں۔ لیکن آسان لفظوں میں کہ  کمپیوٹر کا لفظ “کمپیوٹ” سے نکلا ہے جس کے معنی گننے کے ہیں۔ کمپیوٹر ایک الیکٹرانک مشین ہے جس کا مقصد ہمارے کاموں کو انتہائی تیزی، مہارت اور Accuracy کے ساتھ کرنا ہے۔ یہاں لفظ accuracy استعمال ہوا ہے جس کا مطلب درستگی ہے۔

 

بنیادی طور پر کمپیوٹر کو جو بھی ہدایات دی جاتی ہیں وہ اس پر عمل کرتے ہوئے ہمیں نتائج فراہم کرتا ہے۔ ان نتائج کا دارومدار دی گئی ہدایات پر ہوتا ہے، یعنی جیسی ہدایات ہوں گی اُسی طرح کے نتائج مرتب ہوں گے۔ان نتائج میں کسی قسم کی غلطی کا اندیشہ نہیں ہوتا اسی درستگی کے عمل کو accuracy کہا جاتا ہے۔

 

انگریزی ٹائپنگ

اب بنا وقت ضائع کئے بڑھتے ہیں ٹائپنگ کی طرف۔جیسا کہ آپ کو شروع میں بتایا کہ اس کورس میں آپ کو انگریزی اور اردو ٹائپنگ سکھائی جائے گی۔ تو انگریزی ٹائپنگ سیکھ کر ہی اردو ٹائپنگ آسکتی ہے۔ اس لئے پہلے ہم اسے ہی سیکھیں گے۔ بعدازاں ہمارا کام آسان ہو جائے گا۔ لیکن شرط وہی کہ روزانہ کام کریں گے تب ہی یہ میدان ہم سر کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے کئی سافٹ وئیر ہیں لیکن جو آزمودہ ہے اور میں خود استعمال کرتا ہوں اسی سے آپ کو سکھاؤں گا۔ اس کا نام ہے ٹائپنگ ماسٹر پرو۔

 

ٹائپنگ ماسٹر پرو:

اس کو سب سے پہلے ہم اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں گے۔ اس کو میں نے آپ کے لئے پہلے سے اپ لوڈ کیا ہوا ہے۔ نیچے لنک پر کلک کرنے سے آپ اسے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں انسٹال کر لیں:

ٹائپنگ ماسٹر پرو ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنے کے لئے یہاں کلک کریں۔

 

اس کو انسٹال اور رجسٹر کر کے مکمل طور پر استعمال کرنے کا تفصیلی طریقہ آپ کو اسی لیکچر کی ویڈیو میں مل جائے گا۔ اس کے بعد ہم Touch Typing Course سیلیکٹ کر لیں گے۔ اور اسی کا سب سے پہلا لیکچر دیکھیں گے۔ اس پہلے مختصراً کچھ بنیادی چیزیں کہ یہ ٹائپنگ کورس اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تیزی کے ساتھ درست اور بغیر دیکھے ٹائپنگ کر سکیں۔ جب ہم یہ کورس مکمل کر لیں گے تو دس کی دس انگلیوں کو استعمال کر کے تیز ٹائپنگ سیکھیں گے۔

 

ٹائپنگ تو ہر کوئی کر لیتا ہے۔ لیکن غلطیوں کے بغیر اور بغیر دیکھے تیزی سے ٹائپنگ آپ کو باقیوں سے ممتاز کرے گی۔ انگریزی کی بورڈ کی ایک قسم qwerty کی بورڈ ہے جو عام طور پر ہم استعمال کرتے ہیں۔ اس میں تین قطاریں ہوتی ہیں۔ ہمیشہ ہم انگلیوں کی پوزیشن درمیان والی قطار میں رکھتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کی انگلیاں ASDF اور دائیں ہاتھ کی انگلیاں JKL اور ؛ پر رکھی جاتی ہیں۔ انگوٹھے بڑے بٹن space پر ہوتے ہیں۔ اور کسی ایک کو استعمال کرتے ہوئے ہم اس سے لفظوں میں وقفہ دے سکتے ہیں۔ 

 

اس طرح انگلیوں کو رکھ لینا ہے اور انگوٹھوں کو سپیس پر ہلکا سا ٹکا لینا ہے۔ اپنی کلائی کو سیدھا رکھیں اور انگلیوں کو تھوڑا ترچھا سا رکھنا ہے۔ جیسے نیچے تصویر میں دکھایا جارہا ہے:

finger position

 

آپ کو اپنی F اور J والی انگلی پر محسوس کرنے پر جمپر ملیں گے۔ یہ اس لئے ہوتے ہیں کہ اگر انگلیاں آگے پیچھے ہوں تو بنا دیکھے آپ واپس انہیں سیٹ کر سکیں۔ ان دونوں پر انگلیاں آنے سے باقی خود ہی سیٹ ہو جاتی ہیں۔ اگر ہم نے ان انگلیوں کے علاوہ کچھ ٹائپ کرنے ہو تو ہم ان کو اٹھا کر ادھر لے جاتے ہیں۔ جو انگلی اس کے قریب ہوتی ہے اسی کو حرکت دینی ہوتی ہے۔ جیسے U دبانے کے لئے ہم J والی انگلی استعمال کرتے ہیں۔

 

اس کا طریقہ یہ ہے کہ اپنی انگلی کو اوپر کرنا ہے اور ہاتھ بھی بے شک آہستگی سے اٹھ جائے۔ پھر اسے دبا کر واپس اپنی اصل جگہ پر انگلیوں کو لے آنا ہے۔ سپیس یعنی وقفے کے لئے کسی ایک انگوٹھے کو استعمال کر لیں۔ اس کے علاوہ نظر سکرین پر ہو، کلائیاں اٹھی ہوں تو بہتر ہے اور کوشش ہو کہ ذیادہ سے ذیادہ درست لکھا جائے۔ یاد رہے کہ ہم نے کی بورڈ پر دیکھ کر نہیں لکھنا بلکہ بنا دیکھے ٹائپنگ کی عادت بنانی ہے۔ شروع میں کچھ وقت دیکھنے میں حرج نہیں۔

 

آخر میں فائدے مند نصیحت کہ ٹائپنگ کے وقت آرام دہ انداز میں بیٹھیں۔ کچھ دیر ٹائپنگ کے بعد وقفہ دیں یہ نہیں کہ گھنٹوں بیٹھے رہیں۔ ذیادہ سے ذیادہ دن میں دو lesson کئے جائیں۔ یہ تمام ہدایات مشق نمبر 1.1 میں دی گئی ہیں۔ آپ ان کو پڑھ لیں۔ پھر 1.2 کرنی ہے۔ جس میں انگلیاں رکھ کر اور اوپر والی ہدایات پر عمل کر کے اسے مکمل کرنا ہے۔یہی آج کا کام ہے۔

 

آج کے لئے اتنا ہی۔ان شاء اللہ جلد اگلی کلاس میں ملاقات ہوگی۔ اپنا خیال رکھئے گا۔ اللہ حافظ

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.